عدلیہ، فوج کیخلاف بولنا شریف خاندان کا وطیرہ، دس سال میں ہر ادارہ تباہ کر دیا: پرویز ا لٰہی
گجرات (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اگر ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ ہے تو ن لیگ میں موجود مسلم لیگی پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہو جائیں۔ وہ گجرات میں ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں یوتھ، لیبر، بلدیاتی اور تاجر نمائندوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور فوج کیخلاف بولنا شریف خاندان نے وطیرہ بنا رکھا ہے۔ پچھلے 10 سال میں انہوں نے انتقامی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا، ہر ادارہ کا بیڑہ غرق کر دیا۔ گندم کی فصل آنے والی ہے تو ن لیگی ٹھگ بھی کسانوں کو لوٹنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں، عوام کی دعائوں سے اب یہ اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ ان کی وجہ سے سارے پنجاب کو ہمارے پانچ سالہ دور کی یاد بار بار آتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم انکی رَگ رَگ سے واقف ہیں، ن لیگی ارکان اسمبلی انکے خلاف بات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال میرے نام کی تختی کی وجہ سے آپریشنل نہیں کیا جبکہ چیف جسٹس اورعمران خان نے بھی اپنے دوروں میں اسے چلانے پر زور دیا۔ ہسپتال چالو نہ ہونے سے ہونے والی بے شمار اموات کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں، اپنے پانچ سالہ دور میں ہم نے ریسکیو1122، فری تعلیم، ہیلتھ سمیت بہت سے عوامی فلاحی کام کیے جبکہ شہبازشریف کی اورنج ٹرین اور جنگلا بس سروس سے چند افراد کے سوا کسی کو فائدہ نہیں ہوا۔ شہبازشریف کو یہی تکلیف ہے کہ پرویزالٰہی نے عام اور غریب آدمی کو سہولیات فراہم کرنے کا بیڑا اُٹھا رکھا ہے جبکہ انہوں نے ہر سکیم اور منصوبہ میں فنڈز ہڑپ کئے۔ اگر ہمیں دوبارہ موقع ملا تو پنجاب حقیقی معنوں میں ملک کا بڑا بھائی بن کر دکھائے گا۔ نوازشریف کہتے ہیں کہ سات بندوں والا بلوچستان کا وزیراعلیٰ کیسے بن گیا، انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ میں ایک ووٹ سے چیئرمین ضلع کونسل گجرات بنا تھا۔ نوازشریف نے پاک فوج کیخلاف پانچ بار اور عدلیہ کیخلاف تین بار لڑائی کی، باپ بیٹی اب بھی روزانہ عدلیہ اور فوج پر حملے کر رہے ہیں، ہماری ایسے متکبر اور کینہ پروروں سے کوئی ڈیل نہیں چل رہی، یہ شریفوں کی نحوست کے آخری ایام ہیں، میرے دور حکومت میں پنجاب ایک سرپلس صوبہ تھا شہبازشریف نے اسے مقروض بنا دیا، رہی سہی کسر اسحاق ڈار نے پوری کر دی اور معیشت برباد کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو دیوالیہ پن کے قریب کھڑا کر دیا ہے۔ ریلوے ہو یا پی آئی اے ن لیگ نے تمام اداروں کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی کا کارکنوں نے نہایت شاندار اور پرجوش استقبال کیا، ’’چودھری پرویزالٰہی گجرات کی آن گجرات کی شان‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ تاجر اتحاد گروپ کے چیئرمین عالمگیر عرف بوبی پہلوان نے گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر سید انور علی شاہ، میاں پرویز پگانوالہ، ملک افتخار، چودھری سجاد ایڈووکیٹ، چودھری ذوالفقار، اظہر صدیق، شیرافگن، تنویر بابر، عمران گورالہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ روز بہت مصروف گزارا دن بھر وفود سے ملتے رہے اور آمد ہ الیکشن کے بارے میں مشاورت کرتے رہے چوہدری پرویز الٰہی سے بلدیاتی نمائندوں مسلم لیگی کارکنوں اور یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں ملاقات کی بعدازاں چوہدری پرویز الٰہی پاک فین گئے اور میاں احسان اللہ کی وفات پر افسوس کیا اور فاتحہ خوانی کی وہ چک منجوں بھی گئے اور چیئرمین یونین کونسل چک منجوں چوہدری شوکت محمود کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مغفر ت کی دعا کی بعدازاں ممتاز مسلم لیگی رہنما مہر عمر ساجد کے گھر بھی گئے اور انکے والد کی وفات پر فاتحہ پڑھی ،انہوں نے راجہ شہباز رشید صدر سبزی منڈی کے گھر جا کر انکے والد کی وفات پر دعائے مغفرت کی سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود ،قاضی خالد سیف اللہ ، چوہدری مظہر نت و دیگر بھی ہمراہ تھے ۔