آزاد کشمیر کابینہ میں توسیع مزید 8وزراء نے حلف اٹھالیا

15 اپریل 2018

مظفر آباد (نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر کابینہ میں توسیع کر دی گئی۔ 8 وزراء کرام نے حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی پروقار تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے راجہ عبدالقیوم خان‘ راجہ نصیر خان‘ چودھری مسعود خالد‘ کرنل (ر) وقار نور‘ چودھری یاسین گلشن‘ چودھری جاوید‘ چودھری محمد اسحاق‘ احمد رضا قادری سے آزاد کشمیر کابینہ کے رکن / وزیر حکومت کے عہدے کا حلف لیا اور مبارکباد دی۔ تقریب میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان‘ سپیکر شاہ غلام قادر‘ سینئر وزیر چودھری طارق فاروق‘ وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی‘ وزیر تعمیرات عامہ چودھری محمد عزیز‘ وزیر صنعت و سماجی بہبود محترمہ نورین عارف‘ وزیر جنگلات سردار امیر اکبر‘ وزیر سپورٹس چودھری محمد سعید‘ وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی‘ مشیر حکومت سردار خان بہادر خان‘ چیف سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز منیر‘ انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر‘ سیکرٹریوں‘ سربراہان محکمہ جات اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ حلف اٹھانے والے وزراء کرام کو ان کے سپورٹرز نے ہار ڈالے اور پرجوش انداز میں انہیں مبارک باد دی۔ مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم‘ سپیکر اور کابینہ کے پہلے سے ارکان نے نئے وزراء کو مبارکباد دی۔ مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی جاری رہا۔ ایوان صدر سے جب حلف اٹھانے کے بعد وزراء باہر نکلے تو پرجوش نعرہ بازی کی گئی۔ ہار ڈالے گئے۔ بعدازاں نئے کابینہ کے ارکان نے یکے بعد دیگرے دربار سہیلی سرکارؒ پر حاضری دی۔ چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ آزاد کشمیر کابینہ کی توسیع کے اقدام سے جہاں عوامی نمائندوں کی خواہش پوری ہو گئی ہے وہاں خطرات بھی ٹل گئے ہیں اور وزیراعظم کو بھی کابینہ کی تعداد مختصراً رکھنے کی پالیسی میں تبدیلی کرنی پڑی ہے ورنہ جمہوریت اپنا حسن دکھانے سے گریز نہ کرتی؟

EXIT کی تلاش

خدا کو جان دینی ہے۔ جھوٹ لکھنے سے خوف آتا ہے۔ برملا یہ اعتراف کرنے میں لہٰذا ...