شہباز شریف کا پارٹی ورکرز کنونشن میں زبردست استقبال

15 اپریل 2018

کراچی(رپورٹ:شہزاد چغتائی) مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی‘ پارٹی کے صدر شہباز شریف کا کارکنوں نے دو گھنٹے تک انتظار کیا‘ جب شہباز شریف پنڈال میں داخل ہوئے تو کارکنوں کا جوش و خروش عروج پر تھا‘ وہ کرسیوں پر کھڑے ہوگئے‘ تالیاں بجائیں اورنعرے بازی کی۔ کارکنوں نے مسلم لیگ کے پرچم بھی لہرائے‘ شہبازشریف کی تقریر کے دوران بھی زبردست نعرے بازی کی گئی‘ پورا ہال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ شہبازشریف نے آصف زرداری اور عمران خان کو ایک تھالی کے چٹے بٹے قرار دیا۔ شہباز شریف نے کراچی آمد کے بعد پورا دن گورنر ہاﺅس میں گزرا۔ دن بھر ان سے ملاقات کرنے والے وفود گورنر ہاﺅس میں پریس کانفرنس کرتے رہے‘ جن کے ہمراہ وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان ساتھ کھڑے ہوئے تھے‘ سب سے آخرمیں شہباز شریف نے پریس کانفرنس کی‘ جب شہباز شریف سندھ کے مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے تو سندھ کے صدربابو سرفراز جتوئی باہر کھڑے تھے۔ ایک صحافی نے مشاہد اللہ خان سے سوال کیا کہ آپ سندھ کے مسائل حل کرنے آئے ہیں اور مسلم لیگ سندھ کی قیادت کو باہرکھڑا کیا ہواہے۔میئر وسیم اختر نے کہاکہ صوبائی حکومت ریاست میں ریاست بن گئی ہے۔ وفاق مداخلت کرکے ہمارے اختیارات اورفنڈز دلائے۔
شہباز / استقبال