محکمہ زراعت کے زیراہتمام ضلعی سطح پر فصلوں کے پیداواری مقابلوں کا انعقاد
لاہور(نیوزرپورٹر)محکمہ زراعت حکومت پنجاب نے صوبائی وضلعی سطح پر فصلات ، سبزیات ، باغات کے پیداواری مقابلہ جات کا تاریخ میں پہلی بار انعقاد کیا ہے اس سلسلہ میں تحصیل وڈسٹرکٹ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن میں محکمہ زراعت کراپ رپورٹنگ ،ضلعی انتظامیہ اور ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے افسران شامل تھے انہوں نے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق فصلات ، سبزیات اور باغات کی پیداوار کا تخمینہ لگایا اور سائنسی بنیادوں پر فی ایکڑ پیداوار نکال کر ضلعی سطح پر تمام فصلات کے لیے پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشنز تیار کیں۔ خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت محکمہ زراعت حکومت پنجاب کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے لاکھوں روپے کی زرعی مشینری کے انعامات دے رہی ہے ۔ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے آڈیٹوریم ھال میں تقریب تقسیم انعامات( فیصل آباد ڈویژن) کاانعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی حاجی محمد اکرم انصاری وزیر مملکت برائے کامرس وٹیکسٹائل تھے۔ ان کے علاوہ ڈاکٹرعابدمحمود ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ودیگر زرعی سائنسدان اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجودتھی۔