غربت کا خاتمہ: وفاق، پنجاب، سندھ، بلوچستان نے زیادہ رقم خرچ کی

15 اپریل 2018

لاہور (احسن صدیق) ملک میں غربت کے خاتمے کے لئے مرکزی حکومت اور 3 صوبوں نے پہلے سے 17 فیصد تک زیادہ رقم خرچ کی ہے جبکہ خیبر پی کے حکومت نے اخراجات میں کمی کر دی۔ وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2017-18 کی دوسری سہ ماہی میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے غربت کے خاتمے کے پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں پر مجموعی طور پر 11 کھرب 34 ارب 7 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 44.4 فیصد زیادہ ہیں۔ وفاقی حکومت نے اس دوران غربت کے خاتمے کے پروگرام کے تحت 341 ارب 29 کروڑ روپے خرچ کیے جو پہلے سے 16.4 فیصد زیادہ ہیں۔ پنجاب نے بھی پہلے سے 16 فیصد زیادہ 417 ارب 27 کروڑ روپے، سندھ نے پہلے سے 17.5 فیصد زیادہ 210 ارب 20 کروڑ روپے اور بلوچستان نے 3.2 فیصد زیادہ 54 ارب 85 کروڑ روپے خرچ کئے ہیں تاہم خیبر پی کے حکومت نے غربت کی خاتمے کے لیے رواں مالی سال 2017-18 کی دوسری سہ ماہی کے دوران 110 ارب 20 کروڑ روپے اخراجات کئے جو گزشتہ سال سے 16.7 فیصد کم ہیں یہ امر قابل ذکر ہے کہ زیادہ کمی تعلیم اور صحت کے شعبوں کے اخراجات میں ہوئی۔
خرچ