چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان عہدے پر بحال‘ نوٹیفکیشن جاری

15 اپریل 2018

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے شکایات غلط اور بے بنیاد ثابت ہونے پر چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کو دوبارہ عہدے پر بحال کرکے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے سرخرو کیا اور میرے اوپر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور غلط ثابت ہوئے۔ قیادت نے جس طرح چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا عہدہ سونپتے ہوئے توقعات کا اظہار کیا تھا اپنی بحالی کے بعد بھی قیادت کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکنہ کاوشیں جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس سلسلہ میں آئندہ ہفتے اجلاس بلاکر آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔