پاکستانی تاجر ’’معاشی معجزے‘‘ رونما کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: اٹالین سفیر
لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹ کروو نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کا اہم ترین ملک اور ایک روشن مستقبل کا حامل ہے، پاکستانی تاجر "معاشی معجزے"رونما کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، انہیں اٹلی کے تاجروں کے ساتھ اپنے رابطے مضبوط تر بنانے چاہئیں تاکہ وہ ان کی مہارت و تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔ پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر اور ایوان لاہور صنعت و تجارت کے سابق ایگزیکٹو ممبر چودھری خادم حسین سے خصوصی ملاقات میں سفیر نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کو بہترین ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر دیکھتے اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر بہت سے معاشی شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے چودھری خادم حسین پر زور دیا کہ وہ تاجروں کو اٹلی کا دورہ کرنے کی ترغیب دیں تاکہ وہ وہاں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے سکیں۔ چودھری خادم حسین نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی سیکٹرز کی مطابقت سے سٹڈی کریں تاکہ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بہترین ہے جس سے اٹلی کے تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔