آرٹیکل 62ون ایف کو ختم کرنے پر مسلم لیگ سے غلطی ہوئی، مریم اورنگزیب

15 اپریل 2018

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آرٹیکل 62ون ایف کو ختم کرنے کے حوالہ سے ( ن ) لیگ سے غلطی ہوئی ۔ نواز شریف کا وژن کلیئر ہے اور وہ بڑی وضاحت کے ساتھ بات کرتے ہیں کہ ان قوانین کو جو آمر کے دور میں بنے اس کو پارلیمنٹ سے باہر نکال کر پھینک دینا چاہیے ۔ جب پارلیمنٹرینز پر کوئی بھی کرپشن کا الزام نہ ملا ہو تو آمدنی سے زائد اثاثوں کا نظریہ ضرورت استعمال کر کے اس طرح منتخب وزراء اعظم کو گھر بھیجا جاتا ہے ۔ پاکستان کی پارلیمان میں ہی یہ ترمیم ہو گی اور اس کالے قانون کو باہر نکالا جائے گا۔ 2013 ء کے انتخابات کے بعد ہماری حکومت کا استقبال ہی ایک دھرنے سے کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا ارتقاء کے عمل سے گزر کر سیاسی جماعتیں میچورٹی حاصل کرتی ہیں ۔ اگر اسی طرح جمہوری عمل پاکستان میں جدوجہد کرتا رہا اور مضبوطی ہوتی رہی تو سیاسی جماعتیں بھی میچورٹی حاصل کر لیں گی ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2013 ء میں جب ہماری حکومت آئی تو ہم یہ کرنا چاہتے تھے اور یہ ہونا بھی چاہیے تھا لیکن ہماری حکومت کا استقبال ہی ایک دھرنے سے کیا گیا اور عمران خان بھی امپائر کی انگلی کے انتظار میں کھڑے رہے اور دھرنے کے پیچھے جو بیک سٹیج تھا وہ اب پوری قوم کے سامنے ہے ۔ ہمیں ہر مرحلہ مفلوج کیا گیا اور روکا گیا ۔ آج ساڑھے چار پانچ سال گزرنے پر یہ دیکھا جائے کہ کتنے دھرنے ہوئے کتنے لاک ڈاؤن ہوئے اور کس طرح کبھی ڈی چوک کو بند کرنے کی بات ہوئی اور دھرنے دئیے گئے اور اس کے باوجود ہماری ساڑپے چار ، پانچ سال ہماری کارکردگی رہی ہے وہ گزشتہ 66 سال برس کے مقابلہ میں کسی بھی شعبہ میں دیکھ لیں ۔ توانائی کے شعبہ میں دیکھ لیں ۔ انفراسٹرکچر ، معیشت کے جو حالات 2013 ء میں تھے وہ دیکھ لیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اپنی اور وزارت عظمیٰ پر واپس آنے کے لیے نہیں ہے۔ سیاستدانوں پر کرپشن کے الزامات لگائے جاتے ہیں لیکن وہ جو آئین کو توڑتا ہے وہ آج بھی باہر بیٹھ کر اپنی منشاء کے مطابق اپنے کیس کی پیروی کر رہا ہے اسی لیے میں کہنا چاہتی ہوں کہ پارلیمان اور پارلیمنٹرینز کے فیصلے پارلیمان کے اندر ہونے چاہئیں اور ان تمام قوانین کو جو اس کو روکتے ہیں اس کو پارلیمنٹ سے باہر ہونا چاہیے ۔ دریں اثناء مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے خواتین کو مساوی حقوق دلانے میں اہم کردار ادا کیا خواتین کو برابری کے حقوق دلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے پی ٹی وی سپورٹس پر پہلی مرتبہ ویمن سپورٹس کو متعارف کرایا گیا یوم خواتین کے حوالے سے چارٹرڈ اکائونٹنٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے میں سب سے پہلا کام گھر سے شروع ہوتا ہے بچوں کے ساتھ بچیوں کو بھی سکولوں میں بھیجنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے حالیہ دنوں میں ملک میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا وزیر مملکت نے کہا کہ خواتین کو برابر کے حقوق دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے خواتین کے حقوق کے حوالے سے پرائمری تعلیم سے ہی مضامین شامل ہونے چاہیں نصاب پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب