امیگریشن نے 5 مختلف پروازوں سے 7 مسافروں کو گرفتار کرلیا

15 اپریل 2018

لاہور(خبر نگار)لاہور ائرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے 5 مختلف پروازوں سے آنے والے 7 مسافروں کو گرفتار کر کے حوالات میں منتقل کر دیا۔ قطر ائیر لائن کی پرواز 620 سے آنے والے فیصل آباد کے رہائشی مسافر خرم شہزاد کو جنوبی افریقہ سے ڈی پورٹ کر کے بھیجا گیا تھا۔ پرواز 620 سے آنے والے سیالکوٹ کے رہائشی محمد افضل کو یونان سے بے دخل کیا گیا تھا۔ فیصل آباد کا رہائشی حسن ریاض ترکش پرواز 714 کے ذریعے لاہور پہنچا تھا، وہ ایف آئی اے کو مقدمات میں مطلوب تھا۔ چارسدہ کے رہائشی صدیق اکبر کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہونے پر گرفتارکیا گیا۔ صدیق اکبر پہلے بھی ترکی سے بے دخل ہو کر واپس لاہور پہنچا تھا۔کویت سے ملک بدر کئے جانیوالے تین افراد عمران علی شاہ، راشد منہاس اور مظہر حسین کو بھی وطن واپسی پر گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔