انو بھائی پارک میں دوستانہ کرکٹ میچ سری لنکن وفد نے جیت لیا

15 اپریل 2018

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سری لنکا کے وفاقی وزیر ِ بلدیات رئوف عبدالحکیم کی قیادت میں سری لنکن سیاسی و بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے چئیرمین بلدیہ وسطی کراچی ریحان ہاشمی اور دیگر بلدیاتی افسران سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ سری لنکن وفد کے دیگر ارکان میںسری لنکا کے وفاقی وزیر برائے بلدیات رؤف عبدالحکیم ، پوٹالم شہر کے مئیر کے۔ اے ۔بائز ، رکن قومی اسمبلی سلمان اوررکن صوبائی اسمبلی نعیم اللہ شامل تھے۔بلدیہ وسطی کی جانب سے چیئرمین ریحان ہاشمی کے علاوہ رکن قومی اسمبل شیخ صلاح الدین ، رکن صوبائی اسمبلی جمال احمد، بلدیہ وسطی کے اراکین کونسل ،اسٹنڈنگ کمیٹیز کے چیئرمینز و چیئر پرسن ،اور بلدیہ وسطی کے افسران بھی شریکِ گفتگو رہے۔ سری لنکن وفد کی چئیرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی سے ڈینگی کنٹرول، ماحولیاتی ترقی، تعلیمی اور صنعتی ترقی سمیت مختلف امور پر تبادل خیال بھی کیا ۔ ریحان ہاشمی نے کرکٹ کے حوالے سے کہا کہ جب یورپی ممالک نے پاکستان میںکرکٹ کھیلنے سے انکارکیا تو سری لنکا کے حکومت نے ایک دلیرانہ اقدام کرکے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجی اور دوستی کا بر ملا اظہار کیا۔ بعد ازاں وفد کے ارکان نے بلدیہ وسطی کے دفتر کے لان میںلگنم اور گل مور کے پودے بھی لگائے جو اُن کے ناموں سے منسوب کئے گئے ۔ انو بھائی پارک ناظم آباد میں سری لنکا کے وفد نے بلدیہ وسطی کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ محدود اوورز کا ایک نمائشی کرکٹ میچ بھی کھیلا ۔ جس میں سری لنکا کے وفد۔کی ٹیم کو کامیابی حاصل ہوئی۔ تاہم میچ کو سینکڑوں کی تعداد میں بلدیہ وسطی کے عوام نے دیکھا اور ہر گیند اور اسٹروک پر تالیاں بجا کر داد دی۔سری لنکن وفد کی بلدیہ وسطی آمد کے موقع پر دونوں ملکوں کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔