آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹ مارشل آرٹ چیمپئن شپ ٹائیگرزویسٹ کے نام رہی

15 اپریل 2018

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) سندھ مارشل آرٹ کونسل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام اور ڈیپارٹمنٹ اسپورٹس اینڈ یوتھ آفئیرگورنمنٹ آف سندھ کے تعاون سے آل کراچی انٹر ڈسٹرکٹ یوتھ اینڈ جونیئر مارشل آرٹ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے عسکری انٹر میڈیٹ کالج گلشن حدیدمیں اختتام پذیر ہوئے ۔جس میں کراچی کے 6ڈسٹرکٹ کے 7ٹیموں کے 140 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی، فائنل میں ٹا ئیگرز ڈسٹرکٹ ویسٹ کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی پر اپنا قبضہ جمالیا۔ دوسری پوزیشن لائنز ڈسٹرکٹ ملیر نے حاصل کی۔فائنلز مقابلو ں کے موقع پر نیشنل جمناسٹک کوچ امداد بلوچ و دیگر نے جمناسٹک کے کرتب دکھا کر تماشائیوں سے داد وصول کی۔ مارشل آرٹ فائنل کے مہمان خصوصی سعید عالم (گولڈ میڈلسٹ ایوارڈ یافتہ، حکومت سندھ ) تھے ،جنہوں نے اپنے مختصر خطاب میں سندھ مارشل آرٹ کونسل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی اور آرگنائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کھیل کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کر رہی ہے اور کراچی کے مضافات میں محکمہ کھیل کے تعاون سے چیمپئن شپ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے ، کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے،تقریب تقسیم انعاما ت کے موقع پر علاقہ کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت نجم مغل، فہد ملک، سید وحید گو ہر شاہ ، دانیال ،عدیل ، اولمپیئن باکسر رشید قمبرانی ، نیشنل باکسنگ ریفری جج اور سندھ امیچر کک باکسنگ کے سیکریٹری ایم صابر نے خصوصی شرکت کی اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔مقابلوں کے اختتام پر چیف آرگنائزر و سیکریٹری سندھ مارشل آرٹ کونسل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ، عتیق اعوان نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر تمام ڈسٹرکٹ عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔