شاہ حسین شاہ جوڈو کیمپ جوائن کرنے کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچ گئے

15 اپریل 2018

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) اولمپیئن برانز میڈیلسٹ باکسر حسین شاہ کے صاحبزادے ا ور جوڈو ماسٹر شاہ حسین شاہ ہینگری میں 2 ماہ طویل تربیتی سیشن کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔ شاہ حسین شاہ جو پاکستان کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز میں سلور اور سائوتھ ایشیئن گیمز میں گولڈ میڈلز حاصل کرچکے نے اولمپک گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں ہینگری میں 2 ماہ تک طویل ترین سیشن میں حصہ لیا۔ اس تربیتی دورے کا انتظام پاکستان جوڈو فیڈریشن نے کیا تھا‘ اسلام آباد آمد کے بعد شاہ حسین شاہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی عامر علی احمد سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور جوڈو کے حوالے مختلف مسائل پر گفتگو کی۔ شاہ حسین شاہ نیپال میں منعقدہ ایشیئن جونیئر جوڈو چیمپیئن شپ کے علاوہ لبنان میں منعقدہ ایشیئن جونیئر اینڈ کیڈٹ جوڈو چیمپیئن شپ کی تیاری میں شرکت کے سلسلے میں وطن واپس لوٹے ہیں‘ وہ قومی جوڈو ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد میںشروع ہونے والے جوڈو کیمپ میں زیر تربیت رہیںگے۔ شاہ حسین شاہ نے کہا کہ جونیئر سطح کے ان دونوں ایونٹس میں انشاء اللہ پاکستان کی کارکردگی نمایاںرہے گی۔اس کے ساتھ ساتھ ان مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کی وجہ سے سے اولمپک 2018ء کے سلسلے ریکنگ میں بھی اضافہ ہوگا۔