شہباز شریف سندھ کی فکر چھوڑیں‘ مقدمات کا سامنا کریں‘ مولا بخش چانڈیو
کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ معافیاں مانگ کر بھاگ جانے والے ہی مرسوں مرسوں جیسے نعرے کا مذاق اڑا سکتے ہیں۔ چھوٹے میاں بڑے میاں کی تاحیات نااہلی کا جشن منانے ملک گیر دورے پر نکل پڑے ہیں۔نواز شریف کی تاحیات نااہلی پر مخالفوں سے زیادہ ان کے سگے بھائی خوش ہوئے ہیں ۔شہباز شریف سندھ کی فکر چھوڑیں پہلے کرپشن کے مقدمات کا سامنا کریں۔ہفتے کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شہباز شریف کو مصنوعی ترقی مبارک ہو، سندھ میں پائیدار ترقی کی بنیادیں رکھی جا چکی ہیں۔ ضیا کی پیداوار نے روشنیوں کے شہر کو خونریزی کے شہر میں بدلا ہے ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کے بڑے بھائی نے جو وعدے کئے وہ پورے نہیں ہوئے اب چھوٹا لارے لگانے آگیا ہے۔معافیاں مانگ کر بھاگ جانے والے ہی مرسوں مرسوں جیسے نعرے کا مذاق اڑا سکتے ہیںجو آمر سے معافی لکھ کر ملازموں سمیت ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں وہ اس نعرے کی اہمیت کو کہاں سمجھیں گے۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کی مصنوعی ترقی خدا نہ کرے ایک بم بن کر پنجاب میں تباہی پھیلائے گی۔جب مصنوعی ترقی کا بم پھٹے گا تب شہباز شریف اہل عیال کے ساتھ سرور پیلس جیسے کسی محل میں بیٹھا ہوگا۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بڑے بھائی کیلئے اڈیالہ جیل کی صفائی کروانے والے بے وفا بھائی کے جال میں سندھ کے لوگ نہیں آئیں گے۔سندھ والے خوب جانتے ہیں کہ نون لیگ کی وفاقی حکومت میں پانچ سال میں سارے پیسے کہاں لگائے۔
مولا بخش چانڈیو