قومی ایئرلائن کے تمام نیٹ ورک کی کلر اسکیم تبدیل کرنیکا فیصلہ

15 اپریل 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جہازوں کے لوگو اور جہاز دیگر حصوں پر تبدیلی کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے قومی ایئرلائن کے تمام نیٹ ورک کی کلر اسکیم بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،ابتدائی طور پر ایئرلائن کے اندرون وبیرون ملک قائم ٹکٹ دفاتر،سیلز پوائنٹ اور ایئر پورٹس پر دفاترکی کلر اسکیم تبدیل کی جائیگی۔ہفتہ کو ایئر لائن کے متعلقہ شعبے کی جانب سے جاری کردہ ای میل میں تمام دفاتر کو کلر اسکیم پر مبنی درکار بورڈز کی تعداد اور تفصیلات طلب کرلی گئیں،نئی کلر اسکیم کا فیصلہ قومی ایئر لائن کو نئی کارپوریٹ برانڈ پہچان دینے کے تحت کیاگیا ہے،نئی کارپوریٹ برانڈ میں سبز اور سفید کلراسکیم کے بجائے سفید،ہلکا سبز اورڈارک گرے کلراسکیم استعمال کی جائیگی،کلراسکیم کیساتھ اردو اور انگریزی میں تحریر الفاظ کاسائز بھی تبدیل کیا جائیگا،نئی کلر اسکیم میں دفاتر کے باہر اور اندر بورڈز اور اسٹینڈز بھی تبدیل کیے جائیںگے جبکہ دوسرے مرحلے میں قومی ایئرلائن کی تمام اسٹیشنری، کراکری، گاڑیوں اور دیگر پر کلر اسکیم تبدل کی جائیگی، پی آئی اے کے طیاروں سمیت مکمل نیٹ ورک کو نئی کارپوریٹ برانڈ پہچان پر مبنی منصوبے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کیے جائیں گے۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے کلر اسکیم تبدیل کرنے کے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کے دم (ٹیل) پر مارخور کا لوگو ں صرف جہازوں تک محدود ہے،دفاتر اور دیگر مقامات پر کلر اسکیم ضرور تبدیل کی جارہی ہے تاہم دفاتر پر مارخور کا لوگو پینٹ نہیں کیا جائیگا۔