کراچی آکر خوشی ہوئی‘شہباز شریف ‘شہر قائد میں ترقی خوش آئند ہے:محمد زبیر

15 اپریل 2018

کراچی (کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز گورنر ہائوس کراچی میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی جس کا اہتمام مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اشتیاق بیگ نے کیا تھا۔ تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان، سینیٹر مشاہد حسین سید، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان اور پاکستان کے معروف بزنس مینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر اشتیاق بیگ نے بزنس مینوں سے انٹرکشن پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کا سہرا نواز شریف حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے حال ہی میں فارن ایمنسٹی اسکیم کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایمنسٹی اسکیم بزنس مینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو حکومت نے پورا کیا اور اس اسکیم کو بزنس کمیونٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ انہیں کراچی آکر خوشی محسوس ہوئی ہے جو ماضی میں روشنیوں کا شہر تھا اور اسے بیروت سے تشبیہ دی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد کراچی کا دوبارہ دورہ کریں گے۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے کراچی کیلئے وفاق کے منصوبوں اور انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ کو سراہا۔ تقریب میں ایف پی سی سی آئی، اپٹما، کاٹی، او سی سی آئی کے نمائندوں، معروف بزنس مین ایس ایم منیر، عقیل کریم ڈھیڈی، بہرام آواری، یاسین ملک، نائب صدر ایف پی سی سی آئی زاہد سعید، چیئرمین اپٹما آصف امام، کاٹی کے صدر طارق ملک، مرزا اختیار بیگ اور دیگر بزنس مینوں نے شرکت کی۔