کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل مذاکرات‘ بھارت سے برابری سطح پر بات چیت کیلئے تیار‘ فوج کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے : آرمی چیف

15 اپریل 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 137 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ ہوئی۔ پاس آﺅٹ ہونے والوں میں بلوچستان کے 67، فاٹا کے 31 اور سعودی عرب کے 6 کیڈٹس شامل ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کامیاب کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہمارے دشمن جانتے ہیں کہ وہ سامنے آ کر شکست نہیں دے سکتے، ہمارے دشمن ہمیں اندر سے کمزور کر کے ہمارے عزم کو کمزور کرنے کیلئے کوشاں ہیں، قوم کے اعتماد اور حمایت سے د
شمن کی تمام چالیں ناکام بنا دیں، پاکستان نے دہشت گردی اور ھانتہا پسندی کو مسترد کر دیا، جدید جنگیں مشکل ہوتی جا رہی ہیں، پاکستان کو روایتی اور غیرروایتی محاذوں پر سخت چیلنجز کا سامنا ہے، قوم اور مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں، ہمیں قوم کا مکمل اعتماد اور حمایت حاصل ہے، کوئی اور قوم ہوتی تو اب تک بکھر چکی ہوتی۔ پاکستان سے تمام دہشت گرد جماعتوں کا ڈھانچہ ختم کر دیا، آپریشن رد الفساد محض آپریشن نہیں ایک نظریہ ہے، آپریشن ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر رہے ہیں، ہم نے ان دشمن قوتوں کی ہر چال کو شکست دی، انشاءاللہ آئندہ بھی ہر سازش کو ناکام اور دشمن کو شکست دیں گے۔ پاک سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے، پاک فوج اپنی قومی ذمے داریوں سے باخبر ہے، جدید جنگوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین معلومات کا حصول ناگزیر ہے، پاس آﺅٹ کیڈٹس اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں پر بھرپور توجہ دیں، آپ پاک فوج کا حصہ بن رہے ہیں جب ملک کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، کیڈٹس کو جدید ترین جنگی ماحول میں کام کرنا پڑے گا۔ آرمی چیف نے کہا دشمن نے ہم پر ایک ظالمانہ شیطانی جنگ مسلط کر دی ہے۔ دشمن نے ہمارا عزم توڑنے کی کوشش کی‘ پاکستان امن پسند ملک ہے‘ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات‘ ہم آہنگی‘ پرامن بقائے باہمی چاہتے ہیں۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ مسلح افواج تمام چیلنجز کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے‘ ہماری بہادر افواج الحمدللہ ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بنیادی حق کی مکمل سیاسی و اخلاقی حمایت کرتے ہیں۔ یہی وقت ہے عالمی برادری جاگے اور برصغیر کے اس بدقسمت حصے میں امن کیلئے کردار ادا کرے اب ہم بچے کھچے دہشت گردوں کا آپریشن ردالفساد کے تحت پیچھا کر رہے ہیں اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اپنی سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آرمی چیف