بیرون ممالک اثاثے رکھنے والوں کیلئے ایمنسٹی اسکیم خوش آئند ہے، حنیف لاکھانی

15 اپریل 2018

کراچی (کامرس رپورٹر )کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئرنائب صدرحنیف لاکھانی نے کہا ہے کہ ٹیکس کی شرح کم کرنے اور بیرون ممالک اثاثے رکھنے والے افراد کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا وزیراعظم کا اعلان خوش آئند ہے تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ حکومت کو اس سلسلے میں کوئی نقصان نہ ہو، تاہم ایمنسٹی اسکیم سے زرمبادلہ کے زخائر بڑھانے اور سرمائے کی فراہمی بڑھانے میں مدد ملے گی ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کو پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی گفٹ اسکیم ختم کرکے جو طریقہ لایا جارہا ہے اس سے سستی گاڑیاں امپورٹ ہونگی،حکومت کو چاہیئے کہ مقامی کرنسی، اسٹاکس اور شیئرز کو بھی ایمنسٹی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں رہنے والے خراب حالات کی وجہ سے پیسہ ملک سے باہر گیا اگر ملکی میں سہولیات ملیں اور تحفظ ہو تو پھر ملک میں ہی سرمایہ لگے گا،ٹیک اب ملک میں 95 فیصدامن ہے اس لئے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھا کر بیرون ممالک میں پاکستانیز اپنا سرمایہ پاکستان لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے خلاف چھاپے اور بغیراجازت انکے بینک اکائونٹس کو چیک کرنا،کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے بزنس کمیونٹی کی پکڑ دھکڑ کی وجہ سیبھی لوگ اپنا سرمایہ ملک سے باہر لے کر گئے تھے اور توقع ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھا کر بیرون ممالک میں پاکستانیز اپنا سرمایہ پاکستان لائیں گے، ایمنسٹی اسکیم سے سرمایہ کی فراوانی بڑھے گی جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز ڈیکلریشن کی یہ پہلی اسکیم ہے تاہم بعض شرائط بہت زیادہ ہیں جنہیں نرم کرنے کی ضرورت ہے ۔