نگراں وزیر اعظم کا فیصلہ ملکی مفادات میںکیا جائے : الطاف شکور
کراچی(خصوصی رپورٹر) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ نگراں قیادت کے انتخاب کا فیصلہ ملک کے اندر اور ملکی مفادات کے مطابق کیا جائے ،امریکی ڈپلو میٹ Ms Allis Wellsکا بیان ہمارے ملکی معاملات میں کھلی مداخلت اور ملکی مفادات کے خلاف سازش ہے۔ ملک کے عوام کو آئی ایم ایف کے تنخواہ دار معاشیات دان نگراں وزیر اعظم کے بجائے میرٹ ،آئین اورقانون کی پاسداری کرنے والے ، ہر قسم کی دھاندلی سے پاک صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے بہترین انتظامی صلاحتیں رکھنے والے اور حب الوطنی کا فولادی عزم رکھنے والے نگراں وزیر اعظم کی ضرورت ہے ۔صوبائی نگران سیٹ اپ بھی انہی صفات کا آئینہ دار ہونا چاہئے ۔ حکومت اور اپوزیشن میں موجود سیاسی جماعتیں نگراں وزیراعظم کی مشاورت کے معاملہ پر اقتدار کی کرسی کو ہر قیمت پر حاصل کرنے کی دوڑ اور بند بانٹ کے بجائے عوامی اور قومی مفادات کو پیش نظر رکھیں ۔