انٹرنیشنل ویمن سائیکلنگ چیمپئن شپ آج لاہور میں شروع ہو گی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سائیکلنگ فیڈریشن (ادریس حیدر خواجہ گروپ) کے زیر اہتمام 11 ویں قومی انٹرنیشنل ویمن سائیکلنگ چیمپیئن شپ آج سے لاہور میں شروع ہوگی۔ افتتاحی روز چار ایونٹ ہونگے۔ جس میں 500 میٹر ٹرائم ٹرائل فائنل مقابلہ ہوگا جبکہ اس کے علاوہ تین ایونٹس میں ایک کلو میٹر انفرادی سپرنٹ، 3 کلو میٹر انفرادی پرسوٹ کے علاوہ ایک کلو میٹر ٹیم پرسوٹ کے مقابلے ہونگے۔ افغانستان سمیت ملک کے چاروں صوبائی ٹیموں کے علاوہ فاٹا، ریلویز، واپڈا اور ایچ ای سی کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ اور سیکرٹری چودھری کامران امین نے کہا کہ چیمپیئن شپ کی تمام تیاریاں پہلے سے مکمل کر رکھی ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے۔ دریں اثناء چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے زخموں سے چور افغانستان ٹیم آج لاہور پہنچے گی جبکہ ایران کی ٹیم نامعلوم وجوہات کی بنا پر آخری لمحات میں چیمپیئن شپ سے دستبردار ہو گئی۔ افغانستان ٹیم بس کو طورخم کے مقام پر حادثہ پیش آ گیا تھا جس میں ایک خاتون کھلاڑی کمر کی تکلیف کا شکار ہو گئی تھی جبکہ ایک آفیشل کو بھی چوٹیں آئی تھیں۔ زخمی خاتون سائیکلسٹ طورخم سے ہی واپس افغانستان چلی گئی جبکہ باقی کھلاڑی اور آفیشلز آج لاہور پہنچیں گے۔