”اعتراف فن“ تقریب کا انعقاد قابل ستائش ہے: عرفان کھوسٹ

15 اپریل 2013

لاہور (این این آئی) سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا ہے کہ ایشین کلچرل ایسوسی ایشن کے جانب سے سینئر اداکار افضال احمد کے اعزاز میں ”اعتراف فن“ کے نام سے تقریب کرانا قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افضال احمد کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب میں ان کے تمام دوستوں کو شرکت کرنی چاہیے۔ افضال احمد اپنی معذوری کے باعث دوستوں سے کٹ چکے ہیں خدا نے ہمیں صحت جیسی نعمت دی اسی لئے ”اعتراف فن“ کی تقریب میں ہم سب کو شرکت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں کو سلیوٹ کرتا ہوں جو اپنے سینئرز کی حوصلہ افزائی کے لئے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اگر کوئی بھارتی اداکار آ جائے تو ہم اسکے آگے پیچھے بھاگتے اور انکے نخرے برداشت کرتے ہیں جبکہ اپنے ملک کے لیجنڈ اداکاروں کو فراموش کرتے جا رہے ہیں جو تشویشناک بات ہے ۔