بھاری اکثریت سے پھر جیتیں گے‘ بینظیر انکم سکیم کی رقم بڑھا کر دو ہزار روپے ماہانہ کرینگے : بلاول

15 اپریل 2013

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کی حمایت سے آئندہ الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کرکے ایک دفعہ پھر وفاقی و صوبائی سطح پر حکومتیں بنائے گی اور اس طرح شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق پاکستانی قوم کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ پیپلز پارٹی کی اگلی حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم ایک ہزار روپے ماہانہ سے دو ہزار روپے ماہانہ کر دے گی۔ بلاول ہاﺅس سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی والدہ کی طرح پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے جنہوں نے جمہوریت اور غریب عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جان تک کا نذرانہ پیش کر دیا، پیپلز پارٹی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کی قیادت میں اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کی اور پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضیاءالحق کی باقیات آئندہ انتخابات جیتنے کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہیں لیکن عوام ان کے گھناﺅنے ماضی کو نہیں بھولے۔ جنہوں نے ضیاءالحق کی گود میں پرورش پائی اور جو ان کے مشن کی تکمیل کی قسمیں کھاتے تھے وہ کس طرح جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ وہ پھرلوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور جھانسہ دے رہے ہیں کہ وہ اقتدار میں آ کر ان کی تقدیر بدل دیں گے ۔ جب بھی ضیاءالحق کی باقیات دھاندلی سے اقتدار میں آئیں انہوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1999ءکے مارشل لاءکے بعد ضیاءالحق کے پیروکاروں نے جنرل مشرف سے خفیہ ڈیل کرکے دس سال کے لئے جلاوطنی کی زندگی گزارنے کو بخوشی قبول کیا جو اپنے آپ کو شیر کہتے ہیں انہوں نے گیدڑ کی زندگی کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کاغذی شیروں کے برعکس ان کی والدہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو آمروں کے سامنے چٹان کی طرح کھڑی رہیں اسی جدوجہد میں انہوں نے اپنی جان تک قربان کر دی۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ غریبوں کی خدمت کرتی رہے گی اور کبھی ان کو مصائب میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی حقیقی وارث ہیں جنہوں نے اپنے والد کی روایات کو زندہ رکھنے کے لئے اپنی زندگی کے بہترین سال وقف کر دئیے ان کی والدہ نے ضیاءکی بدترین آمریت کا مقابلہ کیا جس نے ان کے نانا کو پھانسی دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ نے پارٹی اور اپنے والد کے مشن کو بڑی جرات اور مستقل مزاجی سے زندہ رکھا جمہوریت کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دی جس پر عوام ان کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ شہید بھٹو پر جان قربان کرنیوالوں پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ بحیثیت ملک کی سب سے بڑی پارٹی جس کی جڑیں تمام صوبوں میں ہیں کے لیڈر ہونے کی حیثیت سے ان کی وراثت، فلسفہ اور مشن کی تکمیل کے لئے آخری دم تک کوشش کریں گے ۔ ہم پاکستان کے لئے جیئں گے اور اسی کے لئے مریں گے ۔ جیسا کہ میرے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور میری والدہ شہید محترمہ بے نظیر نے کیا تھا۔
بلاول بھٹو