پولنگ سٹیشنوں کی مجموعی تعداد، عملہ، سکیورٹی انتظامات کو اسی ہفتے حتمی شکل دی جائیگی
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/خبرنگار) ملک کے طول و عرض میں پولنگ سٹیشنوں کی مجموعی تعداد، پولنگ عملہ اور سکیورٹی کے انتظامات کو رواں ہفتے حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حساس پولنگ سٹیشنوں کی نشاندہی کے لئے صوبائی انتظامیہ کام کر رہی ہے جس کی رپورٹ رواں ہفتے کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ حساس پولنگ سٹیشنوں کی تین کیٹیگریاں بنائی گئی ہیں۔ ایک انتہائی حساس، دوسری کیٹیگری میں درمیانے حساس اور تیسری کیٹیگری میں کم درجے کے حساس پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج سمیت پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی قریب کی عمارتوں پر مسلح عملہ ڈیوٹیاں دے گا پولیس سٹیشن پر موبائل فورس بھی موجود رہے گی۔ تینوں کیٹیگری میں شامل حساس پولنگ سٹیشنوں کی تعداد 5 ہزار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے پولنگ عملے کی تعداد کا اندازہ 80 ہزار لگایا ہے مگر آئی ڈی پیز کیمپوں کے اندر پولنگ سٹیشن کیمپ قائم کرنے جیسے فیصلے ابھی ہونے ہیں اس لئے حتمی تعداد کا اعلان اسی ہفتے مذکورہ فیصلے ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن کے مطابق رواں ہفتہ الیکشن کمشن کے لئے انتہائی اہم ہے جس میں انتہائی اہم فیصلے کئے جائیں گے جن کا براہ راست اثر 11 مئی کو ہونے والے الیکشن پر پڑے گا۔