تمام اہم شخصیات دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں‘ سکیورٹی پر کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے: انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ
اسلام آباد ( آئی این پی) الیکشن کمشن کی طرف سے ملک کے اہم سیاسی رہنماﺅں اور پارٹی سربراہان کی سکیورٹی کے معاملات میں مداخلت اور سکیورٹی کو کم کرنے کے احکامات پر وزارت داخلہ اور انٹیلی جنس ادارے سرجوڑ کر بیٹھ گئے اور اس بات پر غور کررہے ہیں کہ تمام قومی رہنماﺅں کو شدید سکیورٹی خطرات لاحق ہیں ۔الیکشن کمشن کے احکامات پرعمل کیا جائے تو شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کی تکمیل ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے وزارت داخلہ کو تحریری طور پر بتایا ہے کہ اس وقت ملک کی تمام اہم شخصیات اور سیاسی قیادت دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہے اورموقع ملتے ہی وہ ان پر حملہ کرسکتے ہیں لہٰذا سکیورٹی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ ملک حبیب خان نے وزارت داخلہ میں ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام اہم سیاسی رہنماﺅں کی سکیورٹی اور الیکشن مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کی سکیورٹی پر مشاورت کی جائے گی ، اجلاس میں خفیہ اداروں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ سکیورٹی امور میں مداخلت نہ کرنے سے متعلق الیکشن کمشن کو تحریری طور پر درخواست ارسال کرے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔