کراچی میں ہمارے جھنڈے، بینر جلا دیئے گئے، سخت کارروائی کی جائے: جماعت اسلامی
کراچی (ثناءنیوز) کراچی میں گلستان جوہر میں اوکھائی میمن کمپلیکس میں شرپسندوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں لگائے گئے جماعت اسلامی کے جھنڈے اور بینرز جلا دیئے، کلمے والے پرچم اور انتخابی نشان والے ترازو کے بینرز نذر آتش کئے جانے پر کارکنان جماعت اسلامی اور عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، جماعت اسلامی کے رہنماﺅں اسد اللہ بھٹو اور یونس بارائی نے الیکشن کمشن سے واقعے کا نوٹس لینے اور شرپسند عناصرکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اسد اللہ بھٹو اور یونس بارائی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے الیکشن کو طاقت کے زور پر ہائی جیک کرنے کا آغاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم کے ہاتھوں مخالفین کی مہم سبوتاژ کرنا کوئی نئی بات نہیں۔ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے جماعت اسلامی کے کارکن اپنے راستے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم پرامن انتخابات چاہتے ہیں اس لئے خاموش ہیں، لیکن الیکشن کمشن نے واقعے کا نوٹس نہ لیا اور ملوث عناصر کو گرفتار کرکے سزائیں نہ دیں تو حالات کی خرابی کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔