کراچی، نامعلوم افراد نے گلوکار علی حیدر کے والد سے 10 لاکھ روپے بھتہ مانگ لیا
کراچی(نیٹ نیوز+این این آئی) نامعلوم افراد نے معروف پاپ گلوکار علی حیدر کے والد سے 10 لاکھ روپے بھتہ مانگ لیا اور نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔اس ضمن میں علی حیدر کے والد نے بتایا کہ انہیں اتوارکی صبح سے بھتے کے لیے کالز موصول ہو رہی ہیں جن میں دس لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں کار میں بم دھماکہ کر کے قتل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے علی حیدر کے والد نے کہا کہ دھمکی آمیز کالز کے باعث اہل خانہ شدید پریشان اور خوفزدہ ہیں۔واضح رہے کہ علی حیدر اپنی ویڈیوز کی ریکارڈنگ کے لیے انڈیاگئے ہوئے ہیں۔دوسری جانب پولیس نے اس قسم کے کسی بھی واقعے سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علی حیدر کے گھروالوں سے اگر ملزمان نے ٹیلی فون پر بھتہ مانگا ہے تو وہ پولیس کو واقعے کی اطلاع دیتے لیکن اس سلسلے میں اب تک ان کے کسی گھر والے یا عزیز نے رابطہ نہیں کیا۔