شہباز شریف کی سیکورٹی پر اخراجات کی خبریں گمراہ کن مبالغہ آمیز ہیں : ترجمان

15 اپریل 2013

لاہور(خبرنگار) سابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ترجمان نے کہا ہے کہ بعض اخبارات میںسابق وزیراعلیٰ کی سکیورٹی پر اٹھنے والے اخراجات کے بارے میں خبریں انتہائی مبالغہ آمیز اور گمراہ کن ہیں ۔ اصل اخراجات اس کے نصف سے بھی کم ہیں ۔ ترجمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف وزیراعلیٰ کے طور پر بھی کم سے کم پروٹوکول اور کم سے کم حفاظتی انتظامات کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور ان کی سکیورٹی پر اٹھنے والے اخراجات دوسرے صوبوں میں ان کے ہم منصب عہدیداروں اور وفاقی حکومت کے سرکردہ افراد سے کہیں کم رہے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ بعض حلقوں کی طرف سے نواز شریف اور شہباز شریف کی سکیورٹی میں مزید کمی کا مسلسل مطالبہ عام ذہنوں میں شکوک کا باعث بن رہا ہے۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ سکیورٹی کی واپسی کی صورت میں اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ ہو گیا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ یہ دونوں رہنما قوم کا اثاثہ ہیں جن کی حفاظت ریاست کا فرض ہے۔ خود وفاقی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹیں اس امر کی غماز ہیں کہ ان دونوں رہنماﺅں کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ شہباز شریف پہلے ہی رضاکارانہ طور پر اپنی سکیورٹی میں کمی کر چکے ہیں جس کی تصدیق میں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کا بیان بھی اخبارات میں شائع ہو چکا ہے۔ اس بیان کے بعد شریف برادران کی سکیورٹی کے حوالے سے ”خبر سازی“ اور بیان بازی شر انگیزی کے سوا اور کچھ نہیں۔
ترجمان