مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ کارکنوں کا بینڈ بجا، درختوں پر چڑھ کر احتجاج
لاہور(خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے کارکن پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کے نئے نئے طریقے متعارف کرانے میں مصروف ہیں، کھمبے پر چڑھ کر اور مرغا بن کر احتجاج کے بعد درختوں پر چڑھ کر اور بینڈ باجے کے ساتھ مظاہرے کئے گئے۔ سابق رکن قومی اسمبلی عمر سہیل ضیاءبٹ کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد بینڈ باجے کے ساتھ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر پہنچی جنہوں نے مطالبہ کیا کہ این اے 126 سے عمر سہیل ضیاءبٹ کو ہی ٹکٹ دیا جائے۔ گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 95 سے تعلق رکھنے والے درجنوں کارکن بھی اتوار کے روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر پہنچے جنہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی عثمان ابراہیم کو ٹکٹ دینے کے متوقع فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ اس حلقے سے امین بٹ کو ٹکٹ جاری کیا جائے۔ احتجاج کے دوران کارکن درختوں پر چڑھ گئے۔