نواب شاہ: زرداری کی بہن ڈاکٹر عذرا اور طارق مسعود پر انڈے، ٹماٹروں کی بارش

15 اپریل 2013

نواب شاہ (نامہ نگار) ضلع شہید بے نظیر آباد میں پی پی کے منتخب ارکان اسمبلی اپنے اقتدار کے دوران ووٹروں سے نہ ملنے اور غریب کارکنوں کے کام نہ کرنے کے باوجود 2013ءکے انتخابات میں دو بارہ منتخب ہونے کے لئے میدان میں آ گئے ہیں۔ گزشتہ روز این اے 213 کے لئے امیدوار ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور پی ایس24 کے لئے پی پی کے امیدوار طارق مسعود آرائیں جیسے ہی عظیم کالونی میںکارنر میٹنگ سے خطاب کرنے کے لئے پہنچے تو مشتعل ووٹروں نے ان کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی اور ساتھ ہی دونوں امیدواروں اور ان کی گاڑیوں پر گلے سڑے ٹماٹروں اور گندے انڈوں کی بارش کردی۔ اس موقع پر ووٹروں نے ان سے سوال کیا آپ گزشتہ پانچ سال کہاں تھے اور اب انتخابات قریب ہیں تو ہم آپ کو پانچ سال بعدیاد آئے ہیں۔ انہوں نے کہا آپ نے ملازمتیں میرٹ پر دینے کے بجائے فروخت کیں۔ سندھ میں دو ہرا بلدیاتی نظام نافذ کر کے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھی۔ لہٰذا ہم ووٹ دینا تو درکنار آپ کی شکل دیکھنا بھی نہیں چاہتے۔ صورتحال کو خراب ہوتے دیکھ کر ان کے باڈی گارڈوں نے دونوں کو گھیرے میں لے کر بڑی مشکل سے اپنی اپنی گاڑیوں تک پہنچایا اور وہ کارنر میٹنگ سے خطاب کئے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی پی کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے لئے انتخابی مہم کے دوران ووٹروں سے رابطہ کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے اور وہ اب ووٹروں کو خطوط اور پیغامات بھیج کر اپنے پاس بلا کر ووٹوں کے حصول کے لئے منت سماجت کر رہے ہیں۔
انڈے/ٹماٹر