لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20گھنٹے تک پہنچ گیا، شیخوپورہ میں مظاہرہ
لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندگان+ نوائے وقت نیوز) پنجاب بھر میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج حکام (NTDC)نے پہلی بار تسلیم کیا ہے کہ لاہور سمیت دیگر تقسیم کار کمپنیوں کو کوٹے سے کم بجلی مہیا کی جا رہی ہے۔ لیسکو کو صرف 1400میگاواٹ بجلی دی جا رہی ہے جبکہ کوٹے سے 1ہزار سے 13سو میگاواٹ کم بجلی دی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں لاہور شہر میں ایک گھنٹہ بجلی آتی ہے اور 2سے 3گھنٹے تک مسلسل بجلی بند رہتی ہے۔ مجموعی خسارہ 61سو 50میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ شیخوپورہ میں لوگوں نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام شہروں کو سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان کی نسبت کئی گنا زیادہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پنجاب میں بلوں کی ریکوری اور لائن لاسز دیگر صوبوں کی نسبت کئی گنا کم ہیں مگر اس کے باوجود شہروں میں صرف 6سے 8گھنٹے تک بجلی دستیاب ہے، تیل کی عدم فراہمی کے باعث شدت بڑھنے کا خدشہ ہے اگر ادائیگیاں ٹھیک نہ کی گئیں تو پنجاب کا خسارہ 5ہزار میگاواٹ ہو گا جس کے نتیجے میں 16گھنٹے مسلسل بجلی بند کرکے خسارہ پورا کرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں ٹیوب ویل بند ہونے سے گھروں میں پانی کی شدید قلت رہی۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق بجلی کی پیداوار 9200 میگاواٹ اور طلب 14200 میگاواٹ ہے۔ بصیرپور سے نامہ نگار کے مطابق تعطیل کے باوجود بصیرپور گرڈ سٹیشن سے ملحقہ شہری علاقوں میں بجلی کی مسلسل 6-6گھنٹے بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ پھر 20گھنٹے سے زیادہ ہونے سے ہر شخص پریشانی سے دوچار ہے۔دریں اثناءوزارت پانی و بجلی نے ملک میں بجلی کی 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی رپورٹس کی تردید کی ہے۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ملک میں کہیں بھی 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی نے اعتراف کیا کہ شہری علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار 9400میگاواٹ ہے جبکہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3500میگاواٹ ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گذشتہ روز بھی اٹھارہ، اٹھارہ گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، بجلی کی طویل بندش کے سبب شہری سخت پریشان رہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور قرب و جوار کی آبادیوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، قیام پور فیڈر پر 18گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے خلاف اتوار کے روز ہاﺅسنگ کالونی میں درجنوں صارفین نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پورے ملک میں یکساں لوڈشیڈنگ کے شیڈول کا مطالبہ کیا۔