چیف الیکشن کمشنر کا لیپ ٹاپ چوری....نگران وزیراعظم‘ وزیر داخلہ نے رپورٹ طلب کر لی

15 اپریل 2013
چیف الیکشن کمشنر کا لیپ ٹاپ چوری....نگران وزیراعظم‘ وزیر داخلہ نے رپورٹ طلب کر لی

کراچی (کرائم رپورٹر + وقائع نگار + این این آئی) چیف الیکشن کمشنر ، فخرالدین جی ابراہیم کا ذاتی لیپ ٹاپ چوری ہو گیا‘ لیپ ٹاپ میں اگلے عام انتخابات سے متعلق حساس معلومات اور خفیہ ڈیٹا موجود ہو سکتا ہے جبکہ نگران وزیراعظم اور نگران وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ این این آئی کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے کراچی میں واقع دفتر میں چوری کی واردات ہوئی جس کے بعد سے ان کا لیپ ٹاپ غائب ہے الیکشن کمشن آف پاکستان نے فخرالدین جی ابراہیم کے لیپ ٹاپ چوری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا لیپ ٹاپ میں الیکشن سے متعلق حساس مواد نہیں تھا الیکشن کمشن کے مطابق لیپ ٹاپ میں صرف عدالتوں میں زیر التوا مقدمات سے متعلق مواد تھا جبکہ ذرائع کے مطابق لیپ ٹاپ میں حساس اور خفیہ معلومات موجود تھیں۔ ذرائع نے بتایا لیپ ٹاپ کی چوری میں ان کے سابق ملازم پر شک کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا چوری ہونے والا لیپ ٹاپ چیف الیکشن کمشنر کا نہیں ہے‘ جس مقام سے لیپ ٹاپ چوری ہوا وہ ایک نجی فرم ہے ایس پی کلفٹن سرفراز نواز نے کہا چوری ہونے والے لیپ ٹاپ کا الیکشن کمشن سے کوئی تعلق نہیں۔ پولیس کے مطابق جس فرم کے دفتر سے لیپ ٹاپ چوری ہوا وہ فخر الدین جی ابراہیم کے صاحبزادے کی فرم ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ آئی جی سندھ کو بھجوا دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے دفتر کے پیچھے کی ایک کھڑکی کھلی تھی جس میں سے نامعلوم ملزم اندر داخل ہوا۔ اس نے لیپ ٹاپ، قیمتی پین، ڈھائی لاکھ روپے چوری کئے۔ کراچی سے کرائم رپورٹر، وقائع نگار کے مطابق کلفٹن میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کے صاحبزادے طفیل ابراہیم کی فرم میں چوری کی واردات ہوئی اور نامعلوم چور لیپ ٹاپ‘ رقم اور قیمتی قلم لے اڑے۔ واردات کا علم د روازے کے تالے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے پائے جانے پر ہوا جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کئے۔ بوٹ بیسن تھانہ میں لیپ ٹاپ چوری ہونے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری سندھ راجہ محمد عباس نے چیف الیکشن کمشنر کے دفتر سے لیپ ٹاپ چوری ہونے کے واقعہ پر آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہوم سیکرٹری سندھ کو مشترکہ تفتیشی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
لیپ ٹاپ