چائے کے پیسے مانگنے پر بدمعاش نے ابلتا دودھ پھینک دیا، دکاندار جھلس کر زخمی

15 اپریل 2013

لاہور(نامہ نگار) لوئر مال کے علاقہ میں چائے کے پیسے مانگنے پر مقامی بدمعاش نے دکاندار پر ابلتا ہوا گرم دودھ پھینک دیا جس سے دکاندار جھلس کر زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لوئر مال ابراہیم روڈ پر اصغر نے چائے کا ہوٹل بنا رکھا ہے گزشتہ روز مقامی بدمعاش اکرم اس کے ہوٹل پر آیا اور چائے لے کر پینے لگا چائے پینے کے بعد اکرم وہاں سے جانے لگا تو دکاندار اصغر نے اس سے چائے کے پیسے مانگے جس پر اکرم نے اس کو گالیاں دیں اور چولہے پر پڑا گرم ابلتا ہوا دودھ اس پر انڈیل دیا جس سے اصغر جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی اصغر کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق تاحال مدعی نے مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست نہیں دی۔ درخواست ملنے پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔