مذہب‘ فرقہ پرستی کے نام پر ووٹ مانگنا قابل سزا جرم ہو گا : الیکشن کمشن

15 اپریل 2013
مذہب‘ فرقہ پرستی کے نام پر ووٹ مانگنا قابل سزا جرم ہو گا : الیکشن کمشن

اسلام آباد (آئی این پی+ثنا نیوز ) الیکشن کمشن نے مذہب یا فرقہ پرستی کے نام پر ووٹ مانگنا قابل سزا جرم قرار دیدیا ہے۔ الیکشن کمشن نے انتخابات سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار مذہب یا فرقہ پرستی کے نام پر ووٹ نہیں مانگ سکتا ، ووٹر کو پولنگ سٹیشن سے بھگانا جرم ہوگا، ووٹر کو مفت ٹرانسپورٹ دینا، کسی بھی قسم کی ٹرانسپورٹ ووٹر کومہیا کرنا قابل سزا جرم ہوگا۔ اگر کشتی کے ذریعے بھی کسی ووٹر کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر لایا گیا تو اس پر بھی پابندی عائد ہوگی اس کے علاوہ کسی بھی پولنگ سٹیشن میں 4سو گز کے ایریا میں کسی قسم کا پروپیگنڈہ بھی ممنوع ہوگا۔ الیکشن کمشن کے ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ ووٹر کو مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنا قابل سزا جرم ہو گا جبکہ کسی ووٹر کو پولنگ سٹیشن سے بھگانا بھی قابل سزا جرم ہو گا ۔ نئے ہدایت نامہ کے مطابق پولنگ سٹیشن کے اندر 400 گز کے علاقہ میں پولنگ کیمپ نہیں لگایا جا سکے گا ۔ الیکشن کمشن کی جانب سے انتخابات کے حوالہ سے جاری ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدوار ووٹروں کو کشتی کے ذریعہ بھی ووٹ ڈلوانے کے لئے نہیں لا سکیں گے ووٹ کی پرچی پولنگ بوتھ سے باہر لے جانا بھی قابل سزا جرم ہو گا ، پریزائیڈنگ آفیسر کے کام میں کسی بھی قسم بھی کی مداخلت قابل سزا جرم ہو گا ۔ دریں اثناءالیکشن کمشن نے عام انتخابات کے شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے چاروں صوبوں میں غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ ادھر نگران حکومت نے ملک بھر میں بیوروکریسی کے انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے پیش نظر اسے تنبیہہ کردی گئی ہے۔ انتخابی عمل کی نگرانی کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں مختلف محکموں میں کئے جانے والے تبادلوں کے تناظر میں کہا کہ الیکشن کمشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ شفاف انتخابات کے لئے جہاں چاہے سرکاری افسروں کے تبادلے کے لئے حکومت کو ہدایت کر سکتا ہے۔ یہ شفافیت کے لئے بہت ضروری ہے لیکن اس میں ایک چیز کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے کہ جن لوگوں کے تبادلے کئے جا رہے ہیں یا ہٹایا جا رہا ہے ان کے بارے میں بتایا جانا چاہئے کہ ان میں کیا خرابی تھی۔ لیکن کمشن کے سیکرٹری اشتیاق احمد خان نے الیکشن کمشن کے عام انتخابات کے شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کے چاروں صوبوں میں غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ یہ عزم انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کیا۔
الیکشن کمشن /ہدایت