اقتدار میں آ کر تھانہ کلچر فوری ختم، انصاف کی فراہمی کا تیز نظام لائینگے: عمران خان

15 اپریل 2013

ڈگری (نامہ نگار) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا وطن پاکستان آج تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑاہے۔ پچھلے 40برسوں سے ایک سوراخ سے بار بار ڈسے جانے کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ ہم چہرے نہیں نظام بدلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈگری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 66 سے تحریک انصاف کے امیدوار جواد احمد مہر کی قیادت میں ملنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری زندگی ہر میدان میں جنگ لڑی ہے چاہے وہ میدان کھیل کا ہو‘ صحت کا ‘ تعلیم کا ‘ سیلاب و زلزلے کی تباہی کا یا سیاست کا ‘ انہوں نے کہا کہ وہ قوم سے عہد کرتے ہیں کہ اپنی رگوں میں خون کے آخری قطرے تک وہ اپنے وطن پاکستان کےلئے لڑیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آکر تحریک انصاف بعض اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کرے گی ان میں تھانہ کلچر کا خاتمہ اور انصاف کا ایسا نظام جو فوری ہو‘ گاﺅں کی سطح پر عوام کو اختیارات اور وسائل کی فراہمی‘ صحت کے بجٹ میں چھ گناہ اضافہ‘ غریب کو عزت اور وقار کے ساتھ بہترین علاج کی فراہمی‘ توانائی کے نظام کو بہتر بناکر بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیا جائیگا۔