آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی: رانا ثناءاللہ

15 اپریل 2013

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صوبائی وزیر قانون اور پی پی 70 میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) وطن عزیز کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے جس کے پاس دیانتدار لیڈرشپ، ماہرین کی تجربہ کار ٹیم اور ٹریک ریکارڈ بھی ہے۔ جب ملک ایشیئن ٹائیگر بننے جارہا تھا اس وقت فوجی آمر نے شب خون مار کر حکومت پر قبضہ کر لیا اور ہم بدحالی اور پسماندگی کی غار سے نہ نکل سکے۔ وہ پرانی سبزی و فروٹ منڈی میں اپنے پہلے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق ایم این اے چوہدری الیاس جٹ، اصغر علی بھولا گجر، رانا احمد شہریار، ملک محمد اصغر، انجمن تاجران سٹی کے صدر خواجہ شاہد رزاق سکا، حاجی بشیر احمد، حافظ طاہر گجر، محمد حامد معراج، مہر یوسف مست، چوہدری محمد ارشاد، ملک خادم حسین، مرزا شوکت بیگ، انجمن تاجران غلہ منڈی کے صدر میاں آصف اسلم اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رانا ثناءاﷲ خاں نے کہا کہ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک جمہوری دور مکمل ہونے کے بعد 18کروڑ عوام اپنے ووٹ کی پرچی سے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ مسلم لیگ ن چاہتی تو ایسے حالات پیدا ہو سکتے تھے جس کے نتیجہ میں ملک پر دوبارہ مارشل لاءلگ جاتا لیکن میاں محمد نواز شریف نے انتہائی تدبر اور دانشمندی کے ساتھ جمہوریت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور ملک کو جمہوریت کی پٹڑی سے نہیں اترنے دیا۔ اب وہ وقت آ گیا ہے جب عوام کو خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے چوروں اور ڈاکوﺅں کا ساتھ دیتے ہوئے ملک کو دوبارہ اندھیروں کے سپرد کرنا ہے یا خوشحالی کے لئے میاں نواز شریف کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انشاءاﷲ انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ اسٹیبلشمنٹ میاں محمد نواز شریف کا راستہ روکنے کے لئے کئی مہرے استعمال کرتی رہی مگر پاکستان کی غیور عوام نے انہیں بری طرح مسترد کر دیا۔ اسٹیبلشمنٹ نے30 اکتوبر کو لاہور میں ایک جلسہ بھرا اور سارا گند ”کباڑ خان“ کی جھولی میں ڈال دیا گیا۔ شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، جہانگیر ترین جیسے لوگ تو اسٹیبلشمنٹ سے پوچھے بغیر اپنے گھر نہیں جاتے یہ لوگ تبدیلی کیسے لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پنجاب میاں محمد نواز شریف کی پشت پر کھڑا ہے اور الیکشن سے قبل ہی آنے والے دس دنوں میں سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے بھی میاں محمد نواز شریف کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی70 کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پائیہ تکمیل تک پہنچا کر کارکنوں کے سامنے سرخرو ہوں اور آئندہ الیکشن جیت کر اس حلقے میں تعمیر وترقی کا ایک بار پھر نیا دور شروع کریں گے۔ خصوصی رپورٹ کے مطابق سابق صوبائی وزیر کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ گھوڑے کا رقص، شادی بیاہ کی طرح آتش بازی پر ثناءاللہ خوش ہو گئے۔

آئین سے زیادتی

چلو ایک دن آئین سے سنگین زیادتی کے ملزم کو بھی چار بار نہیں تو ایک بار سزائے ...