جاوید لطیف اور ساتھیوں پر فائرنگ، محفوظ رہے‘کارکنوں کا احتجاج، سڑک بلاک کر دی

15 اپریل 2013

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور حلقہ این اے 133کے امیدوار سابق ایم این اے میاں جاوید لطیف اور ان کے ساتھیوں پر فیصل آباد روڈ شرقپور چوک کے قریب مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ تاہم فائرنگ سے میاں جاوید لطیف اور ان کے ساتھی معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر مسلم لیگ ن کے کارکن جائے وقوعہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے فیصل آباد روڈ احتجاجا ًبلاک کردی جہاں ڈی پی او احسن یونس نے میاں جاوید لطیف کے ساتھ مذاکرات کے بعد ٹریفک بحال کروائی واقعات کے مطابق میاں جاوید لطیف ایک کارنر میٹنگ کے سلسلہ میں اپنی رہائش گاہ سے اپنے حامیوں کے ساتھ نکلے جب ان کی گاڑیاں فیصل آباد روڈ زرقپور چوک کے قریب پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ مسلم لیگ ن کے حامیوں نے فائرنگ کا الزام ان کے سیاسی مخالفین پر عائد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ڈی پی او نے واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے ڈی پی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاءان آرڈر کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔