یقین نہیں آپ پاکستان کی حمایت کر رہے ہیں، اندرا کا نکسن سے مکالمہ

15 اپریل 2013

واشنگٹن/نئی دہلی(آئی این پی) وکی لیکس نے انکشاف کیا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان 71ءکی جنگ سے چند روز قبل اس وقت کی وزیراعظم اندراگاندھی نے امریکی صدر رچرڈ نکسن سے ایک ملاقات میں کہا تھاکہ میں یقین نہیں کرتی آپ پاکستان کی حمایت کررہے ہیں ، پاکستانی فوجی حکمران یحیٰ خان کے ساتھ مضبوط لائن لیتے ہیں توآپ کو پاکستان کےلئے مزید اقدامات کرنا پڑیں گے ۔ وکی لیکس کے مطابق نواکتوبر1973کو بھیجی گئی کیبل امریکی سفیر ڈینیل پیٹرک مونیہان اور اندرگاندھی کے درمیان ہونے والی بات چیت پر مبنی ہے ۔ اس ملاقات کے دوران امریکی سفیر نے گاندھی کو بتایا صدر نکسن کو تشویش ہے افغان سرحد پر ہونے والی پیشرفت پاکستان کو مشکلات کی طرف لے جائے گی اور انہیں امید ہے بھارت بھی اس نقطہ نظرکا تبادلہ کرے گا۔ اس موقع پرگاندھی نے صدر نکسن کے ساتھ سقوط ڈھاکہ سے پہلے ہونے والی اپنی بات چیت کا ذکرکیا۔ امریکی سفیر کی کیبل کے مطابق گاندھی نے یقین دلایا بھارت پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت چاہتا ہے اندراگاندھی نے کہا تھا بلوچستان اور پشتونستان کے معاملات پاکستان کے داخلی معاملات ہیں بھارت مداخلت نہیں کرے گا۔ واضح رہے اس سے پہلے وکی لیکس کی طرف سے جاری کردہ ایک مراسلے میں کہا گیا تھا بھارت کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی نے ممکنہ طور پر ایک سویڈش دفاعی کمپنی کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا تھا۔
وکی لیکس