ووٹرز کیلئے ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی سے انتخابات ناکام ہو جائینگے: گیلانی

15 اپریل 2013

ملتان (ثناءنیوز+اے پی اے) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے انتخابات میں امیدواروں کو ووٹرز کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے سے روکنے پر الیکشن ناکام ہو جائیں گے، اس معاملے پر مشاورت ہونی چاہئے۔لگتا ہے میرے کزن کی پرویز مشرف کی پارٹی میں شمولیت سے ان کا مستقبل روشن ہے، سابق نائب ناظم قیصر گجر کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ملک میں انتخابات ملتوی ہوئے تو سنگین بحران پیدا ہو جائے گا۔ ملک میں کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ ناقابل برداشت ہے۔ اے پی اے کے مطابق انہوں نے کہا خطے کی محرومیوں کا واحد حل علیحدہ صوبہ ہے اس لئے یہاں کے عوام نئے صوبے کی مخالف جماعتوں کو مسترد کر دیں، نہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) حمایت کرے تو سرائیکی صوبہ خوش اسلوبی سے قائم ہو سکتا ہے پیپلزپارٹی سرائیکی صوبے کے قیام میں سنجیدہ ہے اور وہ اقتدار میں آئی تو اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہے۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن بہتر ہے انتخابات میں پیپلزپارٹی اتحادیوں سے مل کر پنجاب میں اکثریت حاصل کرے گی۔