3 خودکشیاں: والدین کی ڈانٹ ڈپٹ پر لاہور میں لڑکی نے زہریلی گولیاں کھالیں

15 اپریل 2013

لاہور(نامہ نگاران) والدین کی ڈانٹ ڈپٹ ، پسند کی شادی نہ ہونے پر اور جائیداد کے تنازعہ پر 2 خاتون سمیت 3 افراد نے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں 21 سالہ لڑکی نے والدین کی ڈانٹ ڈپٹ پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ فیکٹری ایریا کے علاقے شوکت ٹاﺅن کے محنت کش منیر احمد کی بیٹی آمنہ منیر گھر کے کام کاج میں دلچسپی نہیں لیتی تھی گزشتہ روز منیر اور اس کی بیوی نے آمنہ کو ڈانٹ ڈپٹ کی تو آمنہ نے دلبرداشتہ ہو کر کمرے میں جا کر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد تھانہ گڑھ کے علاقہ چک 620گ ب کی ثمینہ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی مگر والدین نے اس کی شادی عمردراز نامی شخص سے کر دی۔ شادی کے دس روز بعد ہی ثمینہ نے زہریلی گولیاں کھالیں۔ بصیر پور میں وراثتی جائیداد کے تنازعہ سے دلبرداشتہ بٹک روڈکے کیٹرر امین نے اتوار کی صبح اپنے گودام میں ”پھندا“لے لیا۔ متوفی ایک بیٹی کا باپ تھا اور وہ اپنے بھائی سے گھر کے حصہ کا خواہاں تھا۔