وسائل کو درست طریقے سے بروئے کار نہ لانے کے باعث صوبہ کے عوام کو فائدہ نہیں پہنچ سکا: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے تاہم ان وسائل کو صحیح معنوں میں بروئے کار لانے کے لئے موثر منصوبہ بندی کے فقدان اور عدم توجہی کی وجہ سے صوبے کے عوام کو ان وسائل کا فائدہ نہیں پہنچ سکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو کوئلہ کی کان کنی کے شعبے کو درپیش مسائل جن میں کان کنی کے علاقوں میں سڑکوں کی خراب صورتحال اور امن و امان کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کی خرابی کے کئی ایک پہلو ہیں ، اور اس کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما ہیں تاہم ان کی کوشش رہے گی کہ صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔
۔