ذمہ داروں اور کارکنوں کو ہراساں کرنا بند کیا جائے: رابطہ کمیٹی متحدہ

15 اپریل 2013

کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران و کارکنان کو ہراساں کرنے کا عمل فی الفور بند کرایا جائے ۔ کراچی میں رینجرز کے اہلکار ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ہراساں کر رہے ہیں اور ایم کیو ایم کو انتخابی مہم چلانے سے روک رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا نوٹس لیا جائے اور شفاف انتخابات کو ممکن بنایا جائے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی کے تقریباً تمام ہی انتخابی حلقوں میں رینجرز کے اہلکار ایم کیوایم کے کارکنوں کو ہراساں کر رہے ہیں اور انہیں انتخابی سرگرمیوں سے روک رہے ہیں، بعض علاقوں میں سادہ لباس میں اہلکار ایم کیوایم کے دفاتر پر آنے اور جانے والوں کی تلاشی رہے ہیں، دہشت گرد شہر بھر میں آزادانہ طور پر دندناتے پھر رہے ہیں اور دہشت گردی، بھتہ خوری اور قتل وغارتگری کی کھلی کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن رینجرز اہلکار ان دہشت گر د عناصر کو گرفتار کرنے کے بجائے الٹا ان کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے کراچی کے تین انتخابی حلقوں سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جس کے مطابق این اے 249سے ڈاکٹر فاروق ستار، این اے 250سے خوش بخت شجاعت اور این اے 240سے خواجہ سہیل منصور امیدوار ہوں گے۔