الیکشن کیلئے بھرپور تعاون ہماری ذمہ داری ہے: رجسٹرار سپریم کورٹ

15 اپریل 2013

اسلام آباد (این این آئی) رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسروں کو درپیش مسائل کے باوجود الیکشن کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون ہماری ذمہ داری ہے۔ بیان میں رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا کہ موجودہ انتخابات کی اہمیت حساس نوعیت کی ہے ۔ ہم سب کو اس چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے نیب، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک کا فراہم کردہ ڈیٹا ریٹرننگ افسروں کو بروقت موصول نہیں ہوا۔ ریٹرننگ افسروں کو کاغذات نامزدگی کی وصولی اور ان کی جانچ پڑتال کے عمل میں کئی مشکلات کا سامنا رہا ہے ۔