سکیورٹی اداروں نے غیرملکی مبصرین کیلئے بلوچستان، خیبر پی کے، فاٹا خطرناک قرار دیدیا

15 اپریل 2013

اسلام آباد ( آئی این پی ) الیکشن کی مانیٹرنگ کے لئے آنے والے غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کے نمائندوں کےلئے بلوچستان، خیبر پی کے اور فاٹا کو ان اطلاعات کے بعد انتہائی خطرناک قرار دے دیاگیا کہ دہشت گرد غیر ملکیوں پر حملے اور انہیں تاوان کےلئے اغواءکرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے رپورٹ دی ہے عام انتخابات کی مانیٹرنگ کے لئے آنے والے یورپی یونین مبصرین ، سرکاری تنظیموں کے عہدیداران اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو بلوچستان، خیبر پی کے اور فاٹا میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے لہٰذا مذکورہ علاقوں میں مبصرین کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں بلوچستان، خیبر پی کے اور فاٹا کو غیر ملکیوں کے لئے خطرناک قرار د یتے ہوئے انہیں ان علاقوں میں نہ جانے کا مشورہ دیا جائے گا۔