پاکستان کم ووٹنگ والے ممالک میں شامل، شرح 45 فیصد رہ گئی
اسلام آباد(این این آئی+اے پی پی) پاکستان کم ترین ووٹنگ والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے یہ انکشاف نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) اور الیکشن کمشن (ای سی پی)کی ایک دستاویز میں کیا گیا۔ نادرا اور ای سی پی کی طرف سے مشترکہ طور پر شائع کردہ ایک کتابچے کے مطابق ووٹ ڈالنے کی کم ترین شرح میں پاکستان 169 ممالک میں سے 164 نمبر پر ہے۔پاکستان ان چار ممالک میں شامل ہے جہاں ووٹ ڈالنے کی شرح سب سے کم 45 فیصدہے۔ پاکستان میں ووٹ ڈالنے کے کم تناسب کی شرح کی بہت سی وجوہ ہیں جن میں سکیورٹی صورتحال سے لے کر معاشرتی مسائل تک شامل ہیں۔ ای سی پی کے مطابق پاکستان میں ووٹ ڈالنا کبھی بھی لازم نہیں رہا ۔ دریں اثناءہیومن رائٹس کمشن کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی کے حوالہ سے پاکستان کا شمار دنیا کے 52ویں بڑے ملک کے طور پر ہوتا ہے۔