شمالی کوریا مذاکرات کرے ‘ امریکہ ۔۔۔ پیانگ یانگ نے پیشکش مسترد کردی

15 اپریل 2013

ٹوکیو، سی¶ل (اے ایف پی+ این این آئی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری جاپان پہنچ گئے۔ انہوں نے ایک بیان میں شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ واپس مذاکرات کی میز پر آ جائے اور ہم ہر صورت میں اپنے اتحادیوں کا دفاع کرینگے۔ جاپانی ہم منصب سے ملاقات میں انہوں نے یہ بات کہی۔ کیری نے اس عزم کا اظہار کیا ہم جاپان کادفاع کرینگے، شمالی کوریا کی دھمکیوں اور اشتعال انگیز اقدامات سے وہ تنہا ہو رہا ہے۔ ٹوکیو سے مل کر کوریائی خطے میں کشیدگی کا پرامن حل ڈھونڈ رہے ہیں۔ ادھر شمالی کوریا نے مذاکراتی پیشکش مسترد کر دی۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندرے فوگ راسموسن شمالی اور جنوبی کوریا کے غیر فوجی علاقے میں پہنچ گئے۔ سیکرٹری جنرل نے دورہ کے دوران علاقہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر راسموسن کی قیادت میں آئے ہوئے وفد کی شمالی کوریا کے فوجیوں نے تصویریں بھی بنائیں۔ واضح رہے کہ 1949 میں نیٹو کے قیام کے بعد نیٹو کے کسی سیکرٹری جنرل کا علاقہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔