دعوت اسلامی کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں پری نرسری کیمپس کا آغاز
لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور سمیت راوالپنڈی، ملتان،فیصل آباد، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں دارالمدینہ میں پری نرسری کیمپس کے آغاز کی افتتاحی تقریب بیک وقت ہو ئی۔ تمام مقامات میں ہونے والی افتتاحی تقریب سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولاناحاجی محمد عمران عطاری نے بذریعہ ویڈیو خطاب کیا۔ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے اپنے خطاب میں دنیا بھر میں حصول علم کی اہمیت اور افادیت کے موضوع پر بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم کے قیام کا مقصد معاشرے سے جہالت اور گمراہی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ امت مصطفی کی نو خیز نسلوں کو سنتوں کے سانچے میں ڈھالتے ہوئے دینی و دنیاوی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔یاد رہے اس دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم میں زیر تعلیم تمام بچوں کو فری تعلیم دی جائے گی۔ دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم ایسے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان تیار کرے گا جو بیک وقت دینی اور روحانی علوم سے فیض یافتہ ہوں۔ یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ایک پڑھا لکھا اور مہذب معاشرہ ہی اکیسویں صدی کے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے ۔دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم کی کاوش سے ملک بھر میں تعلیمی انقلاب برپا ہو گا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم کی افتتاحی تقریب ٹاو¿ن شپ میں منعقد ہوئی جس میں اساتذہ،والدین،طلباءاور سکول انتظامیہ کے علاوہ مہمانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم دعوت اسلامی کا علم دوست اور بروقت اقدام ہے جس معاشرہ میں جہالت کے خاتمے اور حقیقی تعلیمی انقلاب کی راہ ہموار ہو گی ۔دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم کا نصاب قدیم اور جدید علوم کا حسین امتزاج ہے۔دارالمدینہ اسلامک سکول سسٹم میں بچوں کے لیے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم لازمی ہوگی۔فقہ اور مختلف زبانوں کا لٹریچر بھی پڑھایا جائے گا۔ خاص طور پر طلباءکی کردار اور شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔