بھارت کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا موقع دے: بھوشن بزاز

15 اپریل 2013

سرینگر (اے پی پی) جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فورم کے چیئرمین پنڈت بھوشن بزاز نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اٹوٹ انگ کی ہٹ دھرمانہ رٹ ترک کر کے کشمیر کو ایک متازعہ علاقہ تسلیم کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پنڈت بھوشن بزاز نے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں ” بھارت اور پاکستان کےلئے مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کا آخری موقع “ کے عنوان سے دو روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارت سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا موقع دے۔ انہوںنے کہا کشمیری عوام مسلسل مصائب اور مشکلات کا شکار ہیں لہٰذا بھارت کو چاہئے کہ وہ انہیں مستقبل کا فیصلہ کرنے دے ۔ سیمینار میں مختلف بھارتی سکالروں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے یک زبان ہو کر بھارت سے اپیل کی وہ جموں و کشمیر کو متنازعہ علاقے کے طور پر تسلیم کرے۔