ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے وفد کی اختر مینگل سے ملاقات، طویل جلاوطنی کے بعد صوبے میں خوش آمدید کہا

15 اپریل 2013

کوئٹہ (این این آئی) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے وفد نے پارٹی چیئر مین عبدالخالق ہزارہ کی قیادت میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر مینگل سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں طویل جلاوطنی کے بعد صوبے میں آمد پر خوش آمدید کہا ۔ وفد میں پارٹی کے نائب چیئرمین دوم مرزا حسین ہزارہ ، محمد رضا وکیل، محمد یونس چنگیزی، عبدالعلی اور دیگر رہنما شامل تھے۔ پارٹی رہنماو¿ں نے سردار اختر جان مینگل کی وطن واپسی اور انتخابات میں شرکت کے فیصلے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے بی این پی کے اس فیصلے کو جمہوریت اور جمہوری قوتوں کی فتح قرار دیا اور کہا کہ اگر ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کویقینی بنایا گیا تو اسکے نتیجے میں ملک کے دیگر صوبوں کے ساتھ بلوچستان میں بھی حقیقی عوامی نمائندوں کی کامیابی کو یقینی بنانے سے کوئی قوت نہیں روک سکتی۔