الیکشن میں مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کرینگے: عبدالغفار روپڑی

15 اپریل 2013

لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہل حدیث پاکستان آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کرے گی، عوام کرپٹ اور مفاد پرست سیاستدانوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ دوبارہ جھانسے میں نہیں آئینگے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے جماعتی ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ دارالقدس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چور و لٹیروں کی جماعت نے پاکستان کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ملکی معیشت کو بری طرح متاثر کر کے ملکی سلامتی و بقا کو شدید خطرے میں ڈال دیا۔ اس وقت پاکستان شدید نازک حالات سے گز ر رہا ہے اور قوم کو ایک مخلص اور سچے لیڈر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اب باشعور ہو چکی ہے اور دوبارہ امریکی ایجنٹوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔ سابقہ حکمرانوں نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا اور اپنی جیبوں کو گرم کرتے رہے۔ روٹی، کپڑا اور مکان کا راگ الاپنے والے امریکہ نواز سابق حکمرانوں نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی اور عوام کو فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور کر دیا۔