جماعت اسلامی آئین، قانون اور عدلیہ کی آزادی یقینی بنائیگی: لیاقت بلوچ

15 اپریل 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار)حلقہ این اے 126 سے امیدوار قومی اسمبلی اورسیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں آئین ، قانون اور عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنائے گی ، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی ہی اہلیت اور باصلاحیت ٹیم رکھتی ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان ، حامیان اور محب دین افراد کا مل یکسوئی اور اللہ پر بھروسہ کے ساتھ اپنے اسلامی ، انقلابی، عوامی منشور اور انتخابی نشان ترازو پر انتخابی مہم چلائیں، این اے 126 میں تمام دینی قوتیں متحد اور یک آواز ہیں ۔ انشاءاللہ ترازو جیتے گا اور ووٹرز کی امیدوں کا مرکز بنے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وحدت کالونی ، مسلم ٹاﺅن ، محفل نعت گلبرگ ، قرآن فاﺅنڈیشن گلبرگ ، کریم بلاک ، کشمیر بلاک علامہ اقبال ٹاﺅن ، کرکٹ ٹورنامنٹ تقریب ماڈل ٹاﺅن ، جوہر ٹاﺅن ، ٹاﺅن شپ ، مکہ کالونی ، الحمد کالونی میں کارنرمیٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کراچی ایم کیو ایم کی بھتہ خوری ، دہشتگردی اور غنڈہ گردی سے آزاد ہورہاہے ایم کیو ایم انتخابات سے فرار کے راستے تلاش کر رہی ہے اور ہمیشہ کی طرح شاطرانہ اور جمہوریت دشمن اقدامات سے عوام کو جمہوریت اور انتخابی حق سے محروم کرنا چاہتی ہے ۔