تحریک انصاف کا سونامی مخالفین کی سیاسی موت ثابت ہوگا: اعجاز چودھری

15 اپریل 2013

لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حلقہ NA122 سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جبکہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کا سونامی سیاسی مخالفین کے لئے سیاسی موت ثابت ہوگا اور لاہور میں شریف برادران کی سیاست کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے صفایا کر دیا جائےگا۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سینئر رہنما یاسر ایوب کی جانب سے انتخابی مہم کے آغاز کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس موقع پر اعجاز احمد چودھری ، ڈاکٹر عاطف الدین، احمد وسیم، ڈاکٹر فاروق طاہر چشتی، رانا اختر حسین، کلیم حفیظ، نوید احمد انصاری، محمد عرفان ، ڈاکٹر عاصم سہیل اقبال، فہد حسین، حارث حسین، سعد حسین، طاہر رشید بھٹی اور ملک اشتیاق مطاہر ایوب سمیت پارٹی رہنماو¿ں اور سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی اصولی اور نظریاتی سیاست کا کوئی سیاسی جماعت اور طاقت مقابلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کئی ”باریاں“ لے چکی ہیں اور اب دوبارہ دونوں میں اقتدار کےلئے مک مکان ہو رہا ہے لیکن تحریک انصاف اور پاکستانی عوام ان کی تمام سازشیں اور منصوبے ناکام بنا دیں گے۔ یاسر ایوب ، ڈاکٹر عاطف الدین اور اشتیاق ملک نے کہا کہ عمران خان اصولی اور نظریاتی سیاست کر رہے ہیں جس کی وجہ سے تحریک انصاف آج پاکستان کی سب سے بڑی عوامی اور سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے۔